حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،رامپور میں یوم جمہوریہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کر رہے مرکزی وزیر مختارعباس نقوی نے کسانوں کی ٹریکٹر ریلی سے متعلق کہا کہ کچھ جرائم پیشہ عناصر کسانوں کے کندھوں پر بندوق رکھ کر گولی چلانے اور حکومت کے خلاف کسانوں کو بہکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ملک کے دیگر اضلاع کے علاوہ ریاست اترپردیش کے شہر رامپور میں بھی یوم جمہوریہ تقریب کا اہتمام پورے تزک و احتشام کے ساتھ کیا گیاا، یہ تقریب ضلع کی پولیس لائن گراؤنڈ میں منعقد کی گئی تھی، جس میں مختلف اسکولوں کے بچوں نے ثقافتی پروگراموں کا مظاہرہ کرکے وطن سے محبت کے جذبے کو پروان چڑھایا۔
مہمان خصوصی کے طور پر پروگرام میں شرکت کررہے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دلی میں کسانوں کی ٹریکٹر ریلی سے متعلق کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ کچھ لوگ کسانوں کے کندھوں کا سہارا لیکر بندوق چلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جو لوگ نہ تو کبھی کسانوں کے حمایتی تھے اور نہ ہیں اور نہ کبھی رہیں گے، مختار عباس نقوی نے اپنی حکومت سے متعلق کہا کہ حکومت کسانوں کے حقوق کے لیے ہمیشہ سے کوشاں رہی ہے اور مستقبل میں بھی رہے گی۔
مرکزی وزیر مختار عباس نقوی سے کسان تحریک سے متعلق جب مزید سوالات کیے گئے تو انھوں نے صرف اتنا کہا کہ جمہوری طریقہ سے ہر شخص کو احتجاج کرنے کا حق ہے اور یوم جمہوریہ پر تو ہر شخص کو آزادی ہے۔